![]() |
| حکومتِ پاکستان نے کفایت شعاری مہم کے تحت 23 مارچ کی مرکزی پریڈ اور بڑی تقریبات منسوخ کر دیں |
حکومتِ پاکستان نے اس سال 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی مرکزی تقریبات منعقد نہ کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ ملک میں جاری کفایت شعاری مہم کے تحت کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کے باعث نہ تو روایتی فوجی پریڈ منعقد ہوگی اور نہ ہی دیگر بڑی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے بجائے یومِ پاکستان کو سادگی اور وقار کے ساتھ منایا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اس دن کو سادہ انداز میں منائیں اور غیر ضروری اخراجات سے گریز کریں۔ اس موقع پر صرف پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
مزید برآں، بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یومِ پاکستان کی تقریبات کو محدود اور سادہ رکھیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ:
"اس سال یومِ پاکستان کی تقریبات مختصر رکھی جائیں گی اور صرف روایتی پرچم کشائی تک محدود ہوں گی۔"
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی جلد مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے ختم ہو جائے گی، جس کے بعد خطے میں امن اور استحکام بحال ہوگا۔
