Tax Return 2026 Alert: فائلرز کے لیے اہم ترین ہدایات اور ضروری دستاویزات

Dnnetwork






جیسا کہ آپ سب کے علم میں ہے کہ 30 جون قریب آ رہا ہے اور یکم جولائی سے مالیاتی سال 2026 کے انکم ٹیکس گوشوارے (Tax Returns) جمع ہونے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ ٹیکس سیزن کے آغاز سے پہلے ہی اپنی تیاری مکمل کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ آخری دنوں کی پریشانی اور کسی بھی قسم کے قانونی نوٹس یا جرمانے سے بچا جا سکے۔
اگر آپ اپنے ٹیکس گوشوارے بروقت اور درست طریقے سے جمع کروانا چاہتے ہیں، تو مندرجہ ذیل اہم ہدایات پر فوری عمل کریں اور اپنی دستاویزات تیار کر لیں۔

ٹیکس گوشوارے 2026 کی تیاری کے لیے اہم ہدایات:


1۔ بینک بیلنس اور ویلتھ سٹیٹمنٹ کی مطابقت

سب سے پہلے اپنے بینک بیلنس کو اپنی ویلتھ سٹیٹمنٹ (Wealth Statement) کے مطابق کر لیں۔ اگر آپ کے اکاؤنٹ میں کوئی ایسی اضافی رقم موجود ہے جس کا حساب دینا مشکل ہو، تو اسے بروقت نکلوا لیں، ورنہ بعد میں اس اضافی رقم کی ایڈجسٹمنٹ (Adjustment) کرنا اور ایف بی آر (FBR) کو اس کا جواب دینا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔

2۔ جائیداد (Property) کی خرید و فروخت کا ریکارڈ

مالیاتی سال 2025-26 کے دوران آپ نے جو بھی پلاٹ، مکان یا دکان خریدی یا بیچی ہے، اس کا تمام ڈیٹا اکٹھا کر لیں۔ اس میں جائیداد کا مکمل پتہ (Address)، کل قیمت، اور رقبہ (مرلے یا کنال وغیرہ) کی تفصیلات لازمی شامل ہونی چاہئیں۔

3۔ سالانہ آمدن (Annual Income) کا تعین

اپنی سالانہ انکم کا درست حساب لگائیں۔ اگر آپ تنخواہ دار (Salaried) فرد ہیں تو اپنی سالانہ سیلری سلپ اور اگر تاجر یا کاروباری (Business) شخصیت ہیں تو اپنی سالانہ کاروباری آمدن کا میزانیہ تیار کر لیں۔

4۔ سالانہ اخراجات کی تفصیل (Head-wise Expenses)

اپنے پورے سال کے گھریلو اور ذاتی اخراجات کو الگ الگ کیٹیگریز (Heads) میں لکھ لیں۔ مثلاً بجلی و گیس کے بل، بچوں کی فیس، گھر کا راشن، اور دیگر سفری یا طبی اخراجات۔

5۔ ٹیکس کٹوتیوں کے سرٹیفکیٹس (Tax Deduction Certificates)

سال بھر میں آپ کا جہاں جہاں بھی ٹیکس کٹا ہے، ان کے سیکشن وائز سرٹیفکیٹس حاصل کریں۔ مثلاً:

بجلی اور گیس کے بلوں پر کٹنے والا ٹیکس۔

موبائل فون لوڈ یا پوسٹ پیڈ بلز پر ٹیکس۔

بینک اکاؤنٹ (پرافٹ یا کیش نکلوانے) پر کٹنے والا ٹیکس۔
 
اشیاء کی خرید و فروخت (Goods Sales/Purchase) پر کٹوتی کا سرٹیفکیٹ۔

 
دیگر اہم اثاثہ جات اور واجبات کی تفصیلات:

6۔ اقساط پر لیے گئے پلاٹ: اگر آپ نے کوئی پلاٹ یا فائل اقساط پر لی ہوئی ہے، تو اب تک کتنی اقساط ادا ہو چکی ہیں اور کتنی بقایا ہیں، اس کا ریکارڈ تیار رکھیں۔

7۔ انشورنس پالیسی: اگر آپ نے کوئی لائف یا بزنس انشورنس پالیسی لے رکھی ہے، تو اس کی سالانہ پریمیم کی تفصیلات۔

8۔ لیز پر لی گئی گاڑی: بینک یا کسی کمپنی سے لیز (Lease) پر لی گئی گاڑی کی ادا شدہ اور واجب الادا اقساط کا ریکارڈ۔
 
9۔ سونے (Gold) کی خرید و فروخت: اگر اس سال کے دوران آپ نے سونا خریدا یا بیچا ہے، تو اس کا وزن اور مالیت کی تفصیل۔

10۔ بینک لون (Bank Loan): اگر بینک یا کسی ادارے سے قرض لیا ہوا ہے، تو اس کی مکمل تفصیلات اور سٹیٹمنٹ۔

11۔ تحائف (Gifts): اگر سال کے دوران آپ کو کوئی پلاٹ، گاڑی یا قیمتی تحفہ ملا ہے، تو اس کا قانونی اسٹام پیپر (Gift Deed) لازمی پاس رکھیں۔

12۔ بیرون ملک سے رقم (Foreign Remittance): اگر آپ کو بیرون ملک سے پیسے وصول ہوئے ہیں، تو بینک سے اس کا Foreign Remittance Certificate لازمی حاصل کریں تاکہ یہ رقم وائٹ منی (White Money) کے طور پر ڈکلیئر کی جا سکے۔

 
نوٹ: ٹیکس گوشواروں میں کسی بھی غلطی سے بچنے کے لیے ہمیشہ ایک پیشہ ور اور مستند ٹیکس کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کریں تاکہ آپ کا ریکارڈ ایف بی آر کے قانون کے مطابق بالکل محفوظ اور درست رہے۔